• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے، حافظ نعیم الرحمان


امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایسا ملک بنانا چاہتے ہیں جو ترقی کرے، دو سال میں 10 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔

کراچی میں بنو قابل ٹیسٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے۔ مہنگائی بےروزگاری اور تعلیم کی کمی ہے، دو کروڑ 62 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، میٹرک کے بعد طلبہ تعلیم چھوڑ دیتے ہیں، غریب لوگوں کیلئے یونیورسٹیوں میں جانا مشکل ہوگیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پارلیمان میں 90 سے 95 فیصد ارب پتی ہیں۔ گذشتہ برس 368 ارب ٹیکس تنخواہ دار طبقے نے جمع کروایا۔ سیکڑوں ایکڑ زمین رکھنے والوں نے صرف 4 ارب کا ٹیکس دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جو بجلی بنتی ہی نہیں اس کے پیسے قوم ادا کرتی ہے۔ سندھ میں 49 ہزار اسکول ہیں۔ 481 ارب سندھ کا تعلیمی بجٹ ہے،  پیپلز پارٹی کی قیادت اپنے بچوں کو وہاں سے تعلیم نہیں دلوا سکتی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ وسائل سے مالا مال ملک پر چند لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے۔ تعلیم جہاں قابل فروخت شے بن جائے وہ قوم ترقی نہیں کر سکتی، تعلیم مفت اور معیاری ملنا عوام کا حق ہے۔ خواتین کو محفوظ روزگار اور ٹرانسپورٹ درکار ہے، خواتین کی شکایت کیلئے کوئی ادارہ موجود نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ  بنو قابل پروگرام علاقوں کے حساب سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اپنے بچوں اور بچیوں کو موجودہ نظام کے سپرد نہیں کریں گے،  لیپ ٹاپ دے کر تصویریں بنوانے والے نہیں، ضرورت پڑی تو لیپ ٹاپ بھی دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید