• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی مجرم کو رہا کروانے کیلئے بعض عناصر اسلام آباد پر حملہ آور ہوناچاہتے ہیں، شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ بعض عناصر قومی مجرم کو رہا کروانے کےلیے اسلام آباد پر حملہ آور ہونا چاہتے ہیں۔

کراچی سے جاری بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو عوام کے جان و مال کی کوئی فکر نہیں، عوام نے احتجاج کے نام پر فساد کو مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت قیام امن کے بجائے مسلح جتھوں کے ساتھ وفاق پر چڑھائی کرنے میں مصروف ہے۔

پی پی ترجمان نے استفسار کیا کہ کرم میں بےگناہوں کے قتل پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کیوں خاموش ہے؟

اُن کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا حکومت کےلیے انسانی جانوں سے زیادہ اپنی قیادت عزیز ہے، یہ عناصر اسلام آباد پر حملہ آور ہو کر قومی مجرم کو رہا کروانا چاہتے ہیں۔

شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ سوال یہ ہے کہ پی ٹی آئی کا ہر احتجاج دوسرے ممالک کے سربراہان کی آمد پر ہی کیوں ہوتا ہے؟

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار اور پر تشدد کارروائیوں کے ذریعے اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے، کارکنان سوال کریں بانی تحریک انصاف کے بچے احتجاج میں کیوں نہیں آتے؟

قومی خبریں سے مزید