کراچی (اسد ابن حسن) اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس بابر ستار نے تین ڈائریکٹرز لاء کی آئینی درخواست پر ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایت دی ہے کہ مدعی افسران کے کیسز اگلے گریڈوں میں ترقی کے لیے سینٹرل پروموشن کمیٹی میں بھیجے جائیں۔ عدالت میں وفاقی سیکرٹری داخلہ نے تحریری بیان جمع کروایا کہ مدعی افسران کا موقف درست ہے اور ایف آئی اے نے غلط بیانی کی کہ ڈائریکٹر لاء کی صرف ایک پوسٹ ہے جبکہ ایف آئی اے قوانین کے مطابق مذکورہ عہدے کی چار پوسٹیں ہیں۔ تین صفحات پر مشتمل عدالتی فیصلے میں یہ تفصیلات تحریر کی گئی ہیں اور آخر میں ڈی جی کو ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ گریڈ 19 سے 20 کے ترقی بورڈ اجلاس میں مدعی افسران بختیار چنہ، مسعود نسیم اور عبدالرحمان کے نام لازمی طور پر روانہ کیے جائیں۔