اسرائیلی اور لبنانی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں، جس کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ جلد جنگ ختم ہو جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے حزب اللّٰہ نے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، تاہم حزب اللّٰہ کے ساتھ 60 روزہ جنگ بندی معاہدے کی منظوری کے لیے اسرائیلی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسی دوران اسرائیلی فوج نے لبنان میں حملے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں جن کے نتیجے میں گزشتہ روز 31 افراد شہید اور 62 زخمی ہو گئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ 52 روز سے شمالی غزہ کا محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے، اس دوران ہونے والی بم باری میں 11 فلسطینی شہید ہو گئے۔
ادھر بیتِ لاھیا میں بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔
غزہ میں موسمِ سرما کی آمد بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن گئی ہے، شدید بارش کے باعث 10 ہزار عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شام میں لبنانی سرحد کے قریب ایک قصبے پر حملے میں کئی پلوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔