• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کو موثر ٹیکنالوجی فورس میں تبدیل کریں گے، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے قطر کے سفیر علی بن مبارک نے ملاقات کی ہے‘مراد علی شاہ نے قطر کو صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہےجبکہ وزیراعلیٰ سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی بھی ملے‘ ملاقات کے دوران محکمہ آبپاشی اور واپڈا کے اراکین پر مشتمل ماہرین کی کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوا‘ کمیٹی آر بی او ڈی 1 اور آ ربی او ڈی 3 کے ایشوز کا جائزہ لے کر منصوبے حکومت سندھ کے حوالے کرنے کی راہ ہموار کرے گی ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ایک موثر‘ ٹیکنالوجی سے لیس فورس میں تبدیل کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہسندھ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں‘پولیس فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے‘ تھانوں کےلیے 6 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں 51ویں خصوصی تربیتی پروگرام اور اے ایس پیز کے 27ویں ابتدائی کمانڈ کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ1لاکھ 62ہزار اہلکاروں پر مشتمل سندھ پولیس پاکستان کی دوسری بڑی فورس ہے جو جرائم کی روک تھام ‘سراغ رسانی اور قیام امن کےلیے پرعزم ہے ۔ مراد علی شاہ نے پولیس کی کارکردگی اور صلاحیت بڑھانے کےلیے کئی اقدامات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں میں سے ایک اہم منصوبہ اسمارٹ سرویلئینس سسٹم ( ایس 4 منصوبہ ) ہے جس کے تحت سندھ بھر کے 40 ٹول پلازوں پر نگراں کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید