اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ مالیاتی نظام کو عالمی اصولوں کے مطابق معیاری بنانا ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لئے نہایت اہمیت کاحامل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل اکاؤنٹنگ سٹینڈرڈز بورڈ کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ وفد کی قیادت آئی اے ایس بی کے چیئرمین ڈاکٹر اینڈریاس کر رہے تھے۔ وفد میں آئی اے ایس بی کے رکن جیانچاؤ لو، انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے صدر فاروق رحمان اور ایشیا-اوشیانا اکاؤنٹنگ سٹینڈرڈز گروپ کے چیئرمین رانا عثمان خان شامل تھے۔ اصلاحات اور وسائل کے متحرک کرنے کے کمیشن (پی آر ایم سی) کے چیئرمین اشفاق تولہ اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے وفد کو دستاویزات اور مالی شفافیت کے ذریعے ٹیکس آمدنی میں اضافے کیلئے حکومت کے جامع پالیسی فریم ورک کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مالیاتی نظام کو عالمی اصولوں کے مطابق معیاری بنانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ یہ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کے لئے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی غرض سے پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔ ڈاکٹر اینڈریاس نے بین الاقوامی اکاؤنٹنگ کے معیارات کو اپنانے میں پاکستان کی قیادت کو سراہا اور عالمی اصولوں کی ابتدائی پیروی کرنے والے ملک کے طور پر پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے ان کوششوں کو آگے بڑھانے میں آئی کیپ کی معاونت کو سراہتے ہوئے مالی شفافیت اور صلاحیت میں اضافے کے لئے پیشہ ورانہ تنظیموں کے کردار کو اجاگر کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ شفافیت اور معیار سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور پاکستان کے اقتصادی نظام پر اعتماد قائم کرنے کے لئے ناگزیر ہیں۔