• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان، پاک افغان سرحد سے دراندازی کی کوششیں، 3 خوارج ہلاک

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد سےخوارج کے ایک گروہ کی ملک میں دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایاگیاہے خوارج کا ایک گروہ پاک افغان سرحد پر خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل سے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھاسکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی میں 3 خوارج کو ہلاک کردیا،آئی ایس پی آر نے کہا عبوری افغان حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے ، پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی جانب سرحدی انتظامات کو موثر بنائے سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت اور دہشتگردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہیں اور اس حوالے سے بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے، اپنے بیان میں صدر نے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف بروقت کارروائی پر فورسز کو سراہا اور تین خوارج جہنم واصل کرنے پر انکی بہادری کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں صدر نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا،وزیر اعظم شہباز شریف نے خوارج کی افعانستان سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
اہم خبریں سے مزید