کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں جاری میگا منصوبوں کو ان کے مقررہ وقت پر مکمل اور اگر اس کی راہ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے گا ، سندھ بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر تعمیر کورنگی کازوے کے دورہ کے موقع پر کیا ، وزیر اعلٰی کے معاون خصوصی سید وقار مہدی بھی ان کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کورنگی کازوے منصوبہ 1.4 کلومیٹر ہے اور اس پر 40 فیصد سے زائد کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس منصوبے کو جوں 2025تک مکمل کرلیا جائے گا۔دریں اثنا سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کا جلسہ 30نومبر ہفتہ کی دوپہر 3.00 بجے نشتر پارک کی بجائے اب ریلوے گرائونڈ نزد کالا پل پر منعقد ہوگا، ناگزیر وجوہات کے باعث جلسہ کا مقام تبدیل کیا گیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے گراؤنڈ، کالا پل کے دورے کے موقع پر کیا، صوبائی وزیر نے جلسہ گاہ میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا اور اسٹیج سمیت دیگر کے حوالے سے مشاورت کی۔