• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں بھوک کے سائے، اسرائیلی بمباری سے 19 شہید

غزہ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ میں بھوک نے ڈیرے ڈال لئے، لاکھوں افراد کو کھانے کیلئے روٹی بھی میسر نہیں، اسرائیلی طیاروں کی بمباری میں امریکی امدادی تنظیم ورلڈ کچن کے تین امدادی کارکنوں سمیت مزید 19افراد شہید ہو گئے ہیں، ورلڈ کچن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کارکنوں کی شہادت کے بعد غزہ میں امدادی کارروائیاں معطل کردی ہیں ۔ اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ بمباری میں شہید ہونے والے ورلڈ کچن تین کارکنوں میں سے ایک 7اکتوبر کے حملے میں ملوث تھا ۔ القسام بریگیڈز نے جنوبی غزہ میں اسرائیلی فوجی گاڑیوں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ حماس کے عسکری و نگ القسام بریگیڈز کا کہنا ہے کہ انہوں نے رفح شہر کے مشرقی علاقے الجنائنہ میں یاسین 105راکٹوں سے دو اسرائیلی مرکاوا ٹینکوں پر حملہ کیا ہے ۔ دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے لبنان میں جاری سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی علاقے نباتیہ پر ڈرون حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور دو زخمی ہوگئے ہیں ۔ لبنان کی سرکاری نیوزایجنسی نے شہادتوں کی تصدیق کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 19فلسطینی شہید اور متعد د زخمی ہوگئے ۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 13ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران شہید افراد کی تعداد 44ہزار 382اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 5ہزار 142ہوگئی ہے ۔ شمالی غزہ میں تل الزطر میں ایک مکان پر اسرائیلی حملے میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔جمعہ کو کئی اسرائیلی حملوں کے بعد شمال میں درجنوں افراد شہید ہوئے ہیں ۔اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کا 50 سے زائد دنوں سے محاصرہ کر رکھا ہے۔ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کیساتھ جنگ بندی کے باوجود لبنان پر فضائی حملے کئے ہیں ۔ اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی افواج نے لبنان میں اسرائیل کو لاحق خطرے کے خلاف "جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے" متعدد کارروائیاں کیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ "ہم نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کےارکان پر بمباری کی جو آر پی جی ہتھیاروں، گولہ بارود کے ذخیرے اور دیگر فوجی سازوسامان ایک کار میں لوڈ کر رہے تھے۔"

دنیا بھر سے سے مزید