• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی کی ناقص کارکردگی، عباسی اسپتال ریفرل سینٹر بن چکا،علی خورشیدی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ناقص کارکردگی کے باعث ماضی کا مثالی عباسی شہید اسپتال اب ایک ریفرل سینٹر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ سولہ سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی میں صرف مارکیٹنگ کی، جبکہ میئر کراچی سڑکوں پر چیپیاں لگانے میں مصروف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عباسی شہید اسپتال کے 50سال مکمل ہونے پر ایم کیو ایم پاکستان کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے تحت منعقد تقریب سے خطاب کے دوران کیا جس میں اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نگہت شکیل اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی خورشیدی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں کراچی سمیت پاکستان اور افغانستان کے مریضوں کو مفت معیاری علاج فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کے دور میں اسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا، لیکن گزشتہ 16 سالوں میں سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی کے باعث یہ زوال پذیر ہوچکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2013 میں اسپتال کی نئی عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا، جو تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ علی خورشیدی نے کراچی کے انفراسٹرکچر کی زبوں حالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی سڑکوں پر صرف چیپیاں لگاتے ہیں،شہر کو ایک خودمختار اور بااختیار میئر کی ضرورت ہے جو مسائل کا حل نکال سکے۔
اہم خبریں سے مزید