مگر مچھ کے معروف شکاری جارج کریگ 94 برس کی عمر میں چل بسے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ان کا انتقال 17 نومبر کو ہوا، جارج کریگ کے مرنے سے صرف دو ہفتے قبل ان کا پسندیدہ مگرمچھ کیسئیس 110 سال کی عمر میں چل بسا تھا۔
جارج کریگ نے کیسئیس کے ساتھ غیر معمولی تعلق قائم کیا تھا، جو تین ٹانگوں والا ایک خطرناک مگرمچھ تھا، اور اسے وہ اپنے وائلڈ لائف پارک "مارین لینڈ میلنیسیا" میں رکھتے تھے۔
کیسئیس 1984 میں ڈارون کے قریب فینس ریور سے پکڑا گیا تھا، جہاں وہ مویشیوں کےلیے خطرہ بن چکا تھا۔ اس وقت اس کی عمر 30 سے 80 سال کے درمیان بتائی گئی اور وہ آسٹریلیا میں زندہ پکڑے جانے والا سب سے بڑا مگرمچھ قرار پایا تھا۔
18 فٹ لمبے اور ایک ٹن سے زیادہ وزنی کیسئیس نے 2013 میں دنیا کے سب سے بڑے مگرمچھ کا گینیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
کیسئیس 1987 میں گرین آئی لینڈ منتقل ہوا، جہاں اس نے جارج کریگ کے ساتھ ایک پُرسکون اور آرام دہ زندگی گزاری۔
10 جولائی 1930 کو پیرو میں پیدا ہونے والے جارج کریگ کا بچپن دوسری جنگ عظیم کے دوران لندن میں گزرا، اپنی جوانی میں انہوں نے آسٹریلوی فضائیہ کےلیے کام کیا اور بعد میں 1951 میں شمالی آسٹریلیا میں مگرمچھ کے شکار کا پیشہ اختیار کیا۔
تاہم، وقت کے ساتھ انہوں نے ان جانوروں کو مارنے کے بجائے ان کے تحفظ پر توجہ مرکوز کی اور 1971 میں اپنی فیملی کے ساتھ گرین آئی لینڈ منتقل ہوگئے، جہاں انہوں نے "مارین لینڈ میلنیسیا" کے نام سے ایک وائلڈ لائف پارک قائم کیا۔