اسلام آباد ہائی کورٹ میں عافیہ صدیقی کی صحت یابی اور رہائی سے متعلق ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکا جانے والے وفد کی مالی معاونت کی سمری پر دستخط کر دیے۔
اس حوالے سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کر دیا۔
نمائندہ وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ وفد کے ویزوں کی درخواست وزارتِ خارجہ نے بھیج دی ہے، اُمید ہے کہ ایک ہفتے تک یہ منظور ہو جائے گی، ہم ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ذاتی وجوہات پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکتے، حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکا جائیں گی۔
جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کر دی۔