پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ جمعہ اور اتوار کو ٹرکوں، بسوں اور بھاری گاڑیوں کے لاہور میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خراب انجن اور زیادہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اینٹی اسموگ مہم کے تحت لودھراں، اوکاڑہ، وہاڑی اور سرگودھا میں 6 بھٹےگرا دیے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 3 صنعتی یونٹ، 1 اسٹیل رولنگ مل، 1 ٹیکسٹائل یونٹ، 1 رائس مل کو سیل کر دیا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ خراب انجن اور زیادہ دھواں دینے والی1 ہزار سے زائد گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی اور 144 گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ بغیر ترپال اور اسموگ رولز پر عمل نہ کرنے والی ریت کی 64 ٹرالیاں بھی بند کر دیں، سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور صفائی بھی جاری ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ کمرشل جنریٹرز اور بار بی کیو پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا، قوانین کی خلاف ورزیوں پر نوٹس جاری کیے گئے۔
مریم اورنگزیب نے یہ بھی بتایا کہ آج کے اقدامات 8 سے 10سال میں اسموگ کے خاتمے کی بنیاد بنیں گے، فضائی آلودگی کے خلاف جنگ شہریوں کی زندگی کے تحفظ کی جنگ ہے۔