پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔
محسن نقوی نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیلا اور ٹی 20 ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ پورے ٹورنامنٹ میں بلائنڈ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا، کپتان نثار علی اور محمد صفدر نے شاندار بیٹنگ کی اور فائنل میں فتح سمیٹی۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کو بھی مبارک باد دیتا ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے جذبے کے ساتھ محنت کی، ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا اور ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ امید ہے کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کھیلے گی اور مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی شاندار کارکردگی قابلِ تحسین ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں فتح پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز ہے۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ محمد صفدر اور عارف حسین کی نمایاں کارکردگی قابلِ ستائش ہے، قومی ٹیم کی کامیابی نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔