بھارت میں گوگل میپ کے ذریعے گمراہ ہو کر حادثے کا شکار ہونے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش میں گاڑی نہر میں گرنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والے افراد مبینہ طور پر گوگل میپ پر شارٹ کٹ استعمال کر رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی خشک نہر میں گری، گاڑی میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق گاڑی میں سوار افراد نے گوگل میپ پر شارٹ کٹ دیکھ کر اس راستے کا انتخاب کیا اور ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ان کی گاڑی نہر میں گری۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گاڑی کو ٹریکٹر کی مدد سے نہر سے نکالا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت میں اسی ضلع میں گوگل میپ کی مدد سے سفر کرنے والی مسافروں کی گاڑی زیرِ تعمیر پل سے دریا میں جا گری تھی جس کے نتیجے میں 3 افرد ہلاک ہو گئے تھے۔