• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کل پاک۔سعودی تعلقات نے نیا موڑ لیا، عطا تارڑ


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کل پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نے نیا موڑ لیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات میں بہتری آئی ہے، جو مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان 8 معاہدوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل پاک سعودی تعلقات نے نیا موڑ لیا ہے، وزیراعظم اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان غیرمعمولی ملاقات ہوئی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 6 ماہ میں وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے 5 بار ملے، شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب 27 گھنٹے کا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری کی جائے کم ہے، دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بڑھانے اور تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ دنیا میں ہم جہاں جہاں جاتے ہیں عالمی رہنما پاکستان کی معاشی ترقی کی تعریف کرتے ہیں، اربوں ڈالرز کی سرمایہ آئے گی تو مہنگائی مزید کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود کا 15 فیصد سے نیچے آنا خوشی کی بات ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں مہنگائی میں کمی آرہی ہے، آئندہ سعودی عرب کے مزید وفود بھی پاکستان آئیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی حکومت سرمایہ کاری سے متعلق پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے، موثر پالیسیوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مستقبل میں سعودی عرب سے مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، 28 ایم او یوز پر دستخط ہوئے، 8 پراجیکٹس پر کام شروع ہوچکا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ واٹر سمٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے انڈس واٹر ٹریٹی کا بھی ذکر کیا، اس دوران پرائم منسٹر نے فرانس کے صدر سے بھی ملاقات کی۔

قومی خبریں سے مزید