• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شامی باغیوں کا حمص پر مکمل کنٹرول، دمشق سے 10 کلو میٹر دور



شامی باغیوں نے حمص پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے، حمص کی فوجی جیل سے ساڑھے تین ہزار سے زائد قیدیوں کو چھوڑ دیا گیا ہے، باغی دارالحکومت دمشق سے 10 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گئے ہیں، شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ شامی صدربشارالاسد دمشق میں نہیں، اردن اور مصر نے شامی صدر بشارالاسد کو شام چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے جسے شامی صدر نے مسترد کردیا۔

ایران کی پاسدارن انقلاب کے اعلیٰ فوجی عہدیدار شام سے نکل چکے ہیں، امریکی اور مغربی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بشارالاسد حکومت آئندہ ہفتے ختم ہونے کا امکان ہے ۔

شامی آرمی چیف نے قوم سے خطاب میں عوام کے تعاون سے جلد بغاوت پر قابو پانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھرے۔

دوسری جانب صوبے سویدا میں عمارت پر لگے صدر بشار الاسد کے پورٹریٹ پھاڑ دیے گئے ہیں، حما شہر میں بشار الاسد کے والد حافظ الاسد کا مجسمہ گرا دیا گیا ہے۔

عراقی حکام کا کہنا ہے کہ دو ہزار شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی ہے، جبکہ پولینڈ کا اپنے شہریوں کو شام سے فوری نکلنے کا حکم دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شامی اسٹیک ہولڈرز نے بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد کا پلان تیار کرلیا ہے، مجوزہ پلان میں بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد عبوری حکومت تشکیل دی جائے گی۔

عرب میڈیا کے مطابق مجوزہ پلان کے تحت عبوری حکومت 9 ماہ کے اندر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔

دوسری جانب شام کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل محمد خالد الرحمون کا ایک بیان کہنا ہے کہ دارالحکومت دمشق میں مسلح باغیوں کا کوئی وجود نہیں۔

شامی وزیر داخلہ نے کہا کہ دمشق کے گرد انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، کوئی بھی مسلح ملیشیا سیکیورٹی حصار کو توڑ نہیں سکتی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے اعلی عہدیدار شام سے نکل چکے

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شام میں موجود ایران کی پاسداران انقلاب کے اعلی فوجی عہدیدار شام سے نکل چکے ہیں، تمام ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہوئے۔

ادھر عراقی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دو ہزار کے قریب شامی فوجیوں نے عراق میں پناہ لے لی ہے۔

حماہ شہر پر قبضہ کرنے کے بعد باغی شہر کی سڑکوں پر پریڈ کررہے ہیں۔فوٹو اے ایف پی
حماہ شہر پر قبضہ کرنے کے بعد باغی شہر کی سڑکوں پر پریڈ کررہے ہیں۔فوٹو اے ایف پی

امریکی اخبار کے مطابق اردن اور مصر نے شامی صدر بشار الاسد کو شام چھوڑنے کا مشورہ دے دیا، تاہم شامی صدر نے انکار کر دیا ہے۔

ترک، ایرانی اور روسی وزرائے خارجہ کی دوحا میں ملاقات ہوئی، جس میں  شامی حکومت اور باغی گروپوں سے فوری مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کشیدہ صورتحال سے امریکا کا کوئی لینا دینا نہیں

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ شام کی کشیدہ صورتحال سے امریکا کا کوئی لینا دینا نہیں، امریکا کو شام کے تنازع میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ شام میں گڑ بڑ ہو رہی ہے لیکن شام ہمارا دوست نہیں، امریکا کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری لڑائی نہیں، ہوتی رہے، ہمیں اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔

پرامن انتقال اقتدار ناگزیر ہو چکا

دوسری جانب اقوام متحدہ میں شام کے خصوصی ایلچی گیئر پیڈرسن کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ شام کی موجودہ صورتحال میں پرامن انتقال اقتدار ناگزیر ہو چکا ہے۔

شامی آرمی چیف کا قوم سے خطاب

شامی آرمی چیف جنرل عبدالکریم محمود ابراہیم نے قوم سے خطاب سے کرتے ہوئے کہا کہ شامی عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھریں۔

دمشق سے عرب میڈیا کے مطابق شامی آرمی چیف نے کہا کہ شامی فوج بغاوت پر قابو پانے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید