• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

19واں کراچی عالمی کتب میلہ 12دسمبر سے شروع ہو گا

19ویں کراچی عالمی کتب میلے کا آغاز 12دسمبر سے ہو گا جو پانچ روز تک جاری رہے گا، کتب میلے کا افتتاح وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کرینگے، کتب میلے میں 5 لاکھ شائقین کتب کی شرکت متوقع ہے۔

کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لینگے، جہاں انتہائی کم قیمت میں کتابیں دستیاب ہوں گی۔ 

یہ بات پاکستان پبلیشرز اینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے سربراہ عزیز خالد اور کتب میلے کے کنوینر وقار متین نے منگل کو پریس کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ 

اس موقع پر ڈپٹی کنوینر ناصر حسین اور راشد علی نے بھی خطاب کیا۔ 

وقار متین اور عزیز خالد نے کہا کہ مقامی ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل کے تحت منعقد ہونیوالے عالمی کتب میلے میں 17 ممالک کے تقریباً 40 ادارے حصہ لے رہے ہیں جبکہ پاکستان بھر سے نامور پبلشرز بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔

اس سال 5 لاکھ سے زائد شائقین کتب کی آمد متوقع ہے، کتب میلے میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔

یہ میلہ تمام پبلشرز، ڈسٹری بیوٹرز، ملکی و غیرملکی پبلشرز، لائبریرینز اور صارفین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے، کے، آئی، بی، ایف منتظمین کے مطابق صوبائی وزیر برائے تعلیم سید سردار علی شاہ افتتاحی تقریب کے مہمان اعزازی ہوں گے۔ 

2005 سے لگاتار منعقد ہونے والے کرا چی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ کتب میلہ کتابوں اور ادب سے شغف رکھنے والوں کے لئے عروس البلاد کرا چی میں سجایا جائے گا۔

وقار متین خان کا کہنا تھا کہ ہر سال ہونے والا یہ عالمی کتب میلہ پاکستان بھر کے لاکھوں طلبہ، والدین، ادبی و تدریسی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی خاص توجہ کا مرکز رہا ہے۔ 

انھوں نے اس عالمی میلے میں حصہ لینے والے پبلشرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی وجہ سے یہ کتب میلہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھ سکا ہے اور ہر سال ریکارڈ توڑ تعداد میں لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں۔

انہوں نے کے آئی بی ایف کے اسپانسر پاکستان مرکنٹائیل ایکسچینج کا شکریہ ادا کیا۔ 

اس موقع پر چئیرمین فئیر اینڈ ایگزیبیشن عزیز خالدنے کہا کہ اس طرح کے کتب میلے اب صرف عا م میلوں کی حیثیت نہیں رکھتے نہ ہی یہ صرف اور صرف پبلشرز کو ایک سادہ سا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں بلکہ موجودہ دور میں (کے۔آئی۔بی۔ایف) جیسے کتب میلے پاکستان کے مثبت پہلوؤں کو اُجاگر کرتے ہیں۔

عزیز خالد کا کہنا تھا کہ (کے۔آئی۔بی۔ایف)کا حالیہ ایڈیشن پچھلے تمام ایونٹس کے مقابلے میں منفرد ہو گا جس میں اس عالمی کتب میلے کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت اور دیگر امور کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ چئیر مین فئیر اینڈ ایگزیبیشن نے اس بات پر زور دیا کراچی کتب میلے کے انعقاد سے ہم اپنے معاشرے کو اقدار، انسانیت، برادشت اور تہذیب کا درس دیتے ہیں۔ 

انھوں نے کہا اس کا مقصد پاکستانی نوجوان اور طلبہ کو یہ باور کرانا ہے کہ وہ آنے والے وقت میں مختلف فنون اور شعبوں میں علم و ہنر حاصل کرکے اپنے ملک و قوم کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کریں گے۔ 

اس عالمی کتب میلے میں ایک محتاط اندازے کے مطابق پانچ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے۔ مزید برآں اس میں مختلف کتابوں کی رونمائی کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی۔ 

اس عالمی کتب میلے کی افتتاحی تقریب جمعرات 12دسمبر 2024 کو ہوگی جبکہ پہلے دن سے عوامی داخلہ کے اوقات کار صبح 10 بجے سے لے کر رات 9 بجے تک ہوں گے جو کہ پیر 16دسمبر 2024 تک جاری رہے گا۔ 

 چئیر مین فئیر اینڈ ایگزیبیشن عزیز خالد نے کراچی کتب میلے کے اسپانسر پاکستان مر کنٹائیل ایکسچینج کا شکریہ ادا کیا اور کراچی انٹر یشنل بُک فئیر کے آ رگنائزر ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹر نیشنل کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قومی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید