• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

25 فیصد چھوٹے اداروں کو خوف ہے کہ وہ مالیاتی جھٹکے برداشت نہیں کرسکیں گے

لندن (پی اے) ایک نئی ریسرچ رپورٹ کے مطابق چھوٹے ادارے صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلئے تیزی سے کام کررہے ہیں لیکن ان میں سے 25 فیصد چھوٹے اداروں کو خوف ہے کہ وہ مالیاتی جھٹکے برداشت نہیں کرسکیں گے۔ HSBCکی جانب سے کرائے گئے سروے رپورٹ کے مطابق کاروبار اور قرض پر سود کی وجہ سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کیلئے خطرات پیدا ہوگئے ہیں یہ بات وزیراعظم کی جانب سے گزشتہ ہفتہ اس اعلان کے بعد سامنے آئی، جس میں انھوں نے پورے ملک میں معیار زندگی بہتر بنانے اور برطانیہ کو G7ممالک میں سب سے تیزی سے بڑھنے والی معیشت بنانے کے عہد کا اعادہ کیا تھا۔ اس کے برعکس بینکنگ کے ایک بڑے ادارے کی ریسرچ کے مطابق ملک کے دوتہائی سے زیادہ کاروباری اداروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ وہ2024میں اپنے صارفین کو اشیاء اور خدمات کی فراہمی کیلئے ضروری وسعت اور صلاحیت پیدا نہیں کرسکے جبکہ کم و بیش اتنے ہی تناسب یعنی 69فیصد کاروباری اداروں نے خدشہ ظاہرکیا کہ انھیں 2025میں اسی طرح کے چیلنجز کا سامنا ہوگا اس سروے میں حصہ لینے والے ایک ہزار کاروباری اداروں کے مالکان میں سے، جن میں سب کے پاس 50افراد سے کم عملہ تھا 50فیصد سے زیادہ نے کہا کہ اس سال کاروبار چلانے کی بڑھتی ہوئی لاگت ان کیلئے ایک چیلنج تھی جبکہ 22فیصدنے کہا کہ انہیں بلند شرح سود کے باعث مشکلات پیش آئیں۔ اگلے سال کئی کمپنیوں کے لئے لاگت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ اپریل سے ملازمین کی قومی انشورنس اور قومی کم از کم اجرت کی شرح میں اضافہ ہونے والاہے۔ کم وبیش 25فیصد ایس ایم ایز نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ ان کے پاس مالی جھٹکوں کا مقابلہ کرنے کیلئے درکار لچک موجود ہے، ان میں سے 53فیصد نے بتایا کہ ان کے پاس 50,000 پاؤنڈ سے کم نقد ریزرو ہیں۔ تقریباً 28فیصد نے کہا کہ ان کے پاس کوئی نقد ریزرو نہیں ہے۔ ایچ ایس بی سی یو کے کے ہیڈ آف بزنس بینکنگ ٹام ووڈ نے کہا کہ یہ ایک مثبت خبر ہے کہ ایس ایم ایز کی اشیاء اور خدمات کی طلب مضبوط ہے اور تجارتی حالات اس وقت مزید سازگار ہوں گے جب مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئے گی لیکن انہوں نے کہا کہ کمپنیاں اگر طلب کی سطح تک پہنچنے کے لئے بڑھنا چاہتی ہیں تو ان کمپنیوں کو اپنی لچک بڑھاتے ہوئے منافع میں اضافہ کرنا ہوگا مارٹن میک ٹیگ فیڈریشن آف اسمال بزنسز (ایف ایس بی) کے قومی چیئرمین، جو ایچ ایس بی سی کے ساتھ ایس ایم ایز کی حمایت فراہم کرنے کے لئے شراکت داری کر رہے ہیں، نے کہا کہ یہ کہنا بے حد ضروری ہے کہ چھوٹے کاروبار برطانیہ کی معیشت پر کتنا اثر ڈالتے ہیں۔ اس وقت کئی چھوٹے کاروباروں کے لئے حالات بالکل بھی سازگار نہیں ہیں، جو بڑھتی ہوئی لاگت، مالی اعانت تک رسائی میں مشکلات اور تاخیر سے ادائیگیوں کی وجہ سے کیش فلو کے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں اور یہ تمام دباؤ ان کے توسیعی منصوبوں کیلئے رکاوٹیں پیدا کر رہے ہیں۔

یورپ سے سے مزید