بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست نمٹا دی گئی۔
بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ضمانت کی رعایت کا ملزم غلط استعمال کرے تو ٹرائل کورٹ بھی ضمانت منسوخ کر سکتی ہے۔
دورانِ سماعت ایف آئی اے نے کہا کہ بشریٰ بی بی ضمانت ملنے کے بعد ٹرائل کورٹ میں متعدد سماعتوں پر پیش نہیں ہوئیں، وہ ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کر رہی ہیں، ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ بشریٰ بی بی آپ کے کنٹرول میں نہیں؟ ان کے کیسز کو سنجیدہ لینا چاہیے۔
بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بشریٰ بی بی یہاں کمرۂ عدالت میں موجود ہیں۔
عدالت نے کہا کہ اگر وہ ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوں گی تو ضمانت منسوخی ہی دائر ہو گی۔
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ٹرائل جلد بازی میں چلایا جا رہا ہے، پہلے بھی ٹرائل اسی طرح چلائے گئے تھے۔
عدالت نے سوال کیا کہ ضمانت ملنے کے بعد کتنی سماعتیں ہوئیں جن میں بشریٰ بی بی پیش نہیں ہوئیں؟
وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ہفتے میں 3 سماعتوں کا ٹرینڈ چل رہا ہے، 23 اکتوبر سے اب تک 15 تاریخیں ہو چکی ہیں، 26 اکتوبر کو جج صاحب چھٹی پر تھے اس لیے سماعت نہیں ہوئی، کیس کی سماعت 29 اکتوبر کو ہوئی جس میں بشریٰ بی بی پیش نہیں ہوئیں، 29 اکتوبر کو ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، 5 نومبر کو بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں اور استثنیٰ کی درخواست دی گئی، 8 نومبر کو بشریٰ بی بی عدالت کے سامنے پیش ہوئیں، 12 نومبر کو سماعت نہیں ہوئی 14 نومبر کو ان کو استثنیٰ ملا، 24 نومبر کو بشریٰ بی بی کے خلاف 25 مقدمات درج ہوئے، بشریٰ بی بی حفاظتی ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوئیں، 5 دسمبر کو پہلی مرتبہ بشریٰ بی بی کے وارنٹِ گرفتاری جاری ہوئے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی ٹرائل کورٹ میں پیش نہیں ہوتیں تو جج ضمانت واپس لے سکتا ہے، یہ ہائی کورٹ کی توہین نہیں ٹرائل کورٹ جج کے پاس اختیار ہے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں آج 2 کیسز کی سماعت ہو گی۔
توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شارخ ارجمند کریں گے۔
عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو میں آج بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فرد جرم کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
بانئ پی ٹی آئی کو کمرۂ عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ بشریٰ بی بی نے عدالت کو اپنی حاضری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
اڈیالہ جیل میں آج 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت بھی اڈیالہ جیل میں ہو گی۔
سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کریں گے جس میں بانئ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 342 کے سوالنامے کا جواب جمع کرانے ہیں۔
آج کی سماعت میں پراسیکیوشن اور وکلاء صفائی کو حتمی دلائل دیے جانے کا امکان ہے۔
بانئ پی ٹی آئی نے 16 عدالتی گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی ہے، عدالتی گواہ طلب کرنے کی صوابدید عدالت کی ہے۔