وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاؤلہ کا کہنا ہے کہ منشیات کی روک تھام سے متعلق عوامی آگہی کے لیے بھرپور میڈیا مہم چلائی جائے۔
مکیش کمار چاؤلہ کی صدارت میں اعلیٰ اختیاراتی مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ڈی جی نارکوٹکس کنٹرول سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
اجلاس میں منشیات کے خاتمے، اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات پر غور کیا گیا۔
صوبائی وزیر نے اجلاس میں شریک تمام محکموں کے منشیات کے خلاف اقدامات کو سراہا۔
اُنہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے اچھا کام کر رہے ہیں تاہم مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
مکیش کمار چاؤلہ نے ہدایت کی کہ منشیات کی روک تھام سے متعلق عوامی آگہی کے لیے بھرپور میڈیا مہم چلائی جائےاور صوبے کے سرحدی علاقوں میں نگرانی کا نظام بڑھایا جائے۔
اُنہوں نے ہدایت کی کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا نظام بنایا جائے۔
صوبائی وزیر نے یہ ہدایت بھی کی کہ منشیات کی روک تھام سے متعلق بر وقت اقدامات کے لیے ہر ماہ اجلاس کیا جائے۔