اسپیشل کورٹ سینٹرل ون اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس 2 میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی۔
اڈیالا جیل میں کیس کی سماعت کے دوران اسپیشل کورٹ سینٹرل ون کے جج شاہ رخ ارجمند نے فردِ جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔
اس کیس کی ابتدائی تحقیقات نیب نے کی تھی جبکہ نیب ترامیم کی روشنی میں یہ کیس ایف آئی اے کو منتقل کردیا گیا تھا۔
بعدازاں ستمبر 2024ء میں ایف آئی اے نے تحقیقات کے بعد چالان عدالت میں جمع کرایا تھا۔
اس سے قبل آج توشہ خانہ کیس ٹو میں بانئ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے نمٹا دی تھی۔
بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ضمانت کی رعایت کا ملزم غلط استعمال کرے تو ٹرائل کورٹ بھی ضمانت منسوخ کر سکتی ہے۔