پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ مذاکرات شروع نہیں ہوئے، ابھی تو صرف سلام دعا ہوئی ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر سے پہلے پہلے بات ہو جائے تو ملک کے لیے اچھا ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کو بانیٔ پی ٹی آئی نے ترسیلاتِ زر سے متعلق کال دی ہوئی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ حالات جوں کے توں رہے تو کال پر عمل درآمد ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ بانی نے ابھی مذاکرات کا نہیں کہا، ابھی صرف مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے، اس وقت پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں میں ماتم ہے۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورتِ حال میں مذاکرات کا شوشا چھوڑنا مناسب نہیں، مذاکرات کی باتیں کرنے سے کارکنوں کو مایوسی ہو گی، سول نافرنی سے متعلق بانئ پی ٹی آئی کے احکامات پر عمل درآمد ہو گا۔
ان سے قبل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن کسی صورت مذاکرات نہیں چاہتی۔
انہوں نے کہا تھا کہ تحریکِ انصاف مذاکرات کر رہی ہے تو یہ بھاگ رہے ہیں، ملک کی خاطر مذاکرات ہو رہے ہیں تو ہونے چاہئیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت تکبر اور رعونت سے نکلے اور اپوزیشن کو انگیج کرے۔