پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلاء نے ڈسچارج ہونے والے کئی ملزمان کو جوڈیشل کمپلیکس کے اندر ہی روک لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد سے پی ٹی آئی کارکنوں کو مقدمات سے ڈسچارج کرنے اور دوبارہ گرفتار ی کے بعد وکلاء اور کارکن جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں۔
وکیل انصر کیانی کے مطابق اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے سامنے کارکنوں کی دوبارہ گرفتاری کا معاملہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی راہداری میں ڈسچارج ہونے والے 100 سے زائد کارکنان بیٹھے ہیں۔
وکیل انصر کیانی نے یہ بھی کہا کہ عدالت کو پولیس کے رویے سے متعلق آگاہ کردیا ہے اور حکم نامہ کا انتظار ہے۔
وکیل فتح اللّٰہ برکی کا کہنا تھا کہ جج نے کہا ہے کہ وارنٹ ہیں تو گرفتار کریں لیکن کئی کارکن کسی مقدمے میں نامزد نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس عدالتی فیصلے کی حکم عدولی نہ کرے ورنہ توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔