کراچی(نیوز ڈیسک) نصیرات کیمپ پر حملے میں درجنوں افراد کے قتل عام کے دوسرے روز بھی اسرائیل کے غزہ کی پٹی میں گھروں اور اسکولوں پر حملے جاری رہے،خاتون سمیت14فلسطینی شہید، متعدد زخمی ہوگئے۔سول ایمرجنسی سروس نے گزشتہ روز بتایا کہ غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے المجدہ وصیلہ اسکول پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 7شہیداور 12دیگر زخمی ہوئے۔طبی ماہرین کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون اور اس کا بچہ بھی شامل ہے۔فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے گزشتہ روز بتایا کہ علی الصباح حملوں میں جبالیہ کے ایک گھر میں سعداللہ کے خاندان کے چار افراد، غزہ کے شمال مشرق میں ایک اسکول میں دو افراد اور خان یونس کے جنوب میں ایک خیمے میں پناہ لینے والے ایک شخص کو شہیدکر دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی نے غزہ شہر کے شمال مغرب میں جلاہ جنکشن پر شہریوں کے ایک گروپ پر ڈرون حملے کی بھی اطلاع دی ، جس میں ایک خاتون شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ النصیرات کیمپ کے مغرب میں ایک فضائی حملے میں ایک اور شہری شہید ہو گیا۔رفح شہر کے مغرب میں المواسی کے علاقے پر ڈرون حملے میں مزید پانچ شہری زخمی ہوئے۔وفا کے مطابق، شمالی غزہ ، جو کہ گزشتہ دو ماہ سے مزید سخت محاصرے میں ہے، اسرائیلی فورسز نے کمال عدوان اسپتال پر فائرنگ کے علاوہ بیت لاہیا اور اس کے آس پاس کی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا اور درجنوں گھروں کو جلا دیا۔