معروف فلم ساز شیام بینیگل نے ہفتے کے روز اپنی 90ویں سالگرہ ایک ستاروں سے سجی تقریب کے ساتھ منائی، جس میں فلمی دنیا کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
سینئیر اداکارہ شبانہ اعظمی اور نصیرالدین شاہ نے بھی اس موقع پر اپنی شرکت سے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
شبانہ اعظمی نے سوشل میڈیا پر شیام بینیگل کے ساتھ بیٹھے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں نصیرالدین شاہ ان کے پیچھے کھڑے نظر آ رہے ہیں۔
اپنی پوسٹ کے کیپشن میں شبانہ اعظمی نے نصیرالدین شاہ کو اپنا ’پسندیدہ اداکار‘ قرار دیتے ہوئے مزاحیہ انداز میں سوال کیا کہ انہیں مزید فلموں میں اکٹھے کیوں نہیں کاسٹ کیا جاتا؟
انہوں نے لکھا، ’شیام بینیگل کی 90ویں سالگرہ پر میرے کئی فلموں کے ساتھی اداکار اور میرے پسندیدہ اداکار نصیرالدین شاہ کے ساتھ۔ ہمیں مزید فلموں میں ایک ساتھ کیوں نہیں کاسٹ کیا جا رہا؟‘
شبانہ اعظمی اور نصیرالدین شاہ کے یادگار پروجیکٹس میں فلم معصوم، نشانت، گج گمینی، کھنڈر اور جنون جیسی کئی یادگار فلمیں شامل ہیں جن دونوں نے ایک ساتھ کام کیا ہے۔