• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرم گرینڈ جرگہ ختم نہ ہوا، فریقین نے مزید 1 دن مانگا لیا: بیرسٹر محمد علی سیف


مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، فریقین نے مزید مشاورت کے لیے ایک دن کا وقت مانگا ہے۔

محمد علی سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے، اسلحہ جمع کرنے کے حوالے سے مشاورت کے لیے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کروانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے، مستقل امن کے لیے بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحے سے پاک کروانا لازمی ہے۔

 مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا کہ جرگہ ٹوٹنے کےحوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں، ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہے، امن کو یقینی بنانے کے لیے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈے سے اجتناب کیا جائے۔

اُنہوں نے بتایا کہ حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث مسائل کا بخوبی ادراک ہے۔

محمد علی سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ نے محکمۂ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے بتایا کہ کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے، مستقل خاتمے میں وقت لگ سکتا ہے، اس پرانے مسئلے کے حل کے لیے وزیرِ اعلیٰ کی کوششوں سے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ امید ہےکہ چند دنوں میں مسئلہ ختم ہو کر مستقل امن قائم ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید