بھارتی سپر اسٹار اداکار الو ارجن کی گرفتاری کے بعد فلم پشپا 2 کی کمائی میں 70 فیصد اضافے نے انٹرنیٹ صارفین کی قیاس آرائیاں بڑھا دی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ صارفین کی بڑی تعداد نے الو ارجن کی گرفتاری سے فلم پشپا 2 کی کمائی میں اضافے کو ’مشن جیل کی کامیابی‘ قرار دیا ہے۔
فلم پشپا 2 دنیا بھر میں 5 دسمبر کو ریلیز ہوئی، سندھیا تھیٹر حیدر آباد دکن میں فلم کے پریمئر شو میں الو ارجن کی آمد کے بعد بھگدڑ مچ گئی تھی، جس کی ذد میں آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی تھی۔
واقعے کا مقدمہ درج ہوا اور 13 دسمبر کو اسٹار اداکار کو اُن کے گھر سے حراست میں لیا گیا، الو ارجن نے گھر سے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن منتقلی سے قبل اپنی بیوی سنہا ریڈی سے گفتگو کی۔
اگلے ہی دن الو ارجن ضمانت پر رہا ہوگئے، پولیس اسٹیشن کے باہر اداکار نے بیوی اور بچوں سے جذباتی انداز میں ملاقات کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الوارجن کی گرفتاری سے صرف اُن کی فیملی ہی متاثر نہیں ہوئی بلکہ پشپا 2 کے باکس آفس کلیکشن نے بھی اڑان بھرلی۔
رپورٹ کے مطابق گرفتاری کے بعد کے ہفتے میں فلم پشپا 2 کی کمائی میں بھارت میں 74 فیصد اور دنیا بھر میں 70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس نے 1200 کروڑ کا ہدف باآسانی عبور کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد انٹرنیٹ صارفین میں الو ارجن کی گرفتاری سے پیدا صورتحال پر قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں۔
انٹرنیٹ پر صارفین کی بڑی تعداد اس بات پر متفق نظر آئی کہ اداکار کی گرفتاری فلم کی تشہیر کا سبب بنی ہے، جس کی وجہ سے پشپا 2 کے کمائی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک صارف نے تبصرے میں کہا کہ ’فلم کی کمائی میں 100 فیصد اضافے کےلیے ہی تو یہ ڈرامہ ہوا تھا‘، ایک اور نے تبصرہ کیا کہ ’کہیں یہ گرفتاری کا معاملہ اسکرپٹ کا حصہ تو نہیں تھا؟
انٹرنیٹ صارفین نے تبصروں میں مزید کہا کہ ’الو ارجن کی گرفتاری کا بنیادی مقصد فلم کی تشہیر اور کلیکشن میں اضافہ تھا‘، ایک اور نے لکھا کہ ’مجھے گرفتاری کے وقت ایسا ہی لگا تھا، یہ سب فلم کی تشہیر کےلیے ہے‘، ایک اور صارف نے لکھا کہ بھاو تو جیل جاکر سنجے دت بن گیا، یعنی مشن جیل کامیاب رہا۔