بھارت میں کانگریس پارٹی کی نو منتخب رکن پارلیمنٹ پریانکا گاندھی نے حکمراں جماعت بی جے پی کی تنقید کا جواب دے دیا۔
پریانکا گاندھی گزشتہ روز پارلیمنٹ اجلاس میں فلسطین لکھا ہوا بیگ لے کر پہنچی تھیں جس پر حکمراں جماعت بی جے پی نے ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ ایسی حرکتیں خبروں میں رہنے کے لیے کرتے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا گاندھی نے کہا ہے کہ میں وہی پہنوں گی جو میں چاہوں گی، میں کئی بار کہہ چکی ہوں کہ اس بارے میں میری سوچ کیا ہے۔
پریانکا گاندھی نے کہا کہ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر میرے تمام بیانات موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا گاندھی کے فلسطین لکھے بیگ کے ساتھ پارلیمنٹ اجلاس میں آنے پر ان کے حامیوں نے تعریف بھی کی ہے۔
واضح رہے کہ پریانکا گاندھی غزہ میں اسرائیلی مظالم کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دے کر نیتن یاہو کی شدید مذمت کرتی رہی ہیں۔
غزہ میں 14 ماہ سے جاری اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
7 اکتوبر 2023ء سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیو کی تعداد 45 ہزار 28 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں ایک لاکھ 6 ہزار 962 فلسطینی زخمی اور معذور ہو چکے ہیں۔