جنوبی کوریا میں مارشل لا لگانے پر صدر یون سک کے مواخذے کے معاملے پر ملک کی آئینی عدالت میں جائزے کا آغاز ہوگیا ہے۔
سیول سے خبر ایجنسی کے مطابق عدالتی ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عدالت میں صدر یون سک کے مواخذے پر پہلی سماعت 27 دسمبر کو ہوگی۔
خبر ایجنسی کے مطابق عدالت کو 6 ماہ کے اندر صدر کو عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنا ہے۔ صدر کی معطلی کی صورت میں حکومت کو دو ماہ میں صدارتی انتخابات کرانے ہوں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق پولیس، وزارت دفاع اور اینٹی کرپشن والے رواں ہفتے صدر سے تفتیش کریں گے۔
خبر ایجنسی کے مطابق صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک پارلیمںٹ میں 14 دسمبر کو منظور ہوئی تھی۔
صدر یون سک نے 3 دسمبر کو ملک میں ہنگامی مارشل لا لگایا تھا، جسے جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے 6 گھنٹوں بعد ہی کالعدم قرار دے دیا تھا۔