• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی: رواں برس قتل و اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

راولپنڈی پولیس نے جرائم کی شرح سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کر دی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں رواں سال مختلف جرائم کی تعداد گزشتہ سال کی نسبت 36 فیصد کم رہی، ون فائیو کالز ڈیٹا کے مطابق جرائم سے متعلق املاک میں 23 فیصد کمی ہوئی ہے۔

رواں سال قتل جیسے سنگین مقدمات میں 2 فیصد کمی ہوئی، اندھے قتل کے مقدمات میں 67 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں گزشتہ سال کی نسبت 50 فیصد کمی ہوئی۔

ڈکیتی میں قتل کے مقدمات میں 65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، ڈکیتی اور راہ زنی کے مقدمات میں بالترتیب 24 اور 67 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

گاڑیاں چھیننے کے واقعات میں 50 فیصد کمی آئی ہے، رواں سال کے آخری 4 ماہ میں کار اسنیچنگ پر مکمل کنٹرول کیا گیا، موٹر سائیکل اسنیچنگ کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 34 فیصد کمی ہوئی ہے۔

گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری کے مقدمات میں بالترتیب 86 اور 48 فیصد کمی ہوئی، رواں سال 366 گینگز کے 891 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 25 کروڑ روپے مالیتی اشیاء اور 110 گاڑیاں برآمد کی گئیں۔

پولیس نے رواں سال 1500 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لیں جبکہ 2400 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے 60 کروڑ روپے مالیت کی اشیاء برآمد کیں۔

رواں برس ناجائز اسلحے کے خلاف 1667 مقدمات درج کر کے 1673 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان سے 64 کلاشنکوفیں، 200 سے زائد پستول، 108 رائفلیں اور ہزاروں گولیاں برآمد کی گئیں۔

خاص رپورٹ سے مزید