• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی دارلحکومت میں 7 موٹر سائیکلوں سمیت چوری کی14 وارداتیں، راولپنڈی سے3 لڑکیاں اغواء

اسلام آباد‘ راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار‘ سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں ڈکیتی‘ سرقہ باالجبر‘ سٹریٹ کرائم‘ نقب زنی اور چوری کی 14وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی‘ طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان سمیت7 موٹر سائیکل‘4 موبائل فونز اور نقدی اُڑا لی گئی جبکہ 3گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ تھانہ گولڑہ اور تھانہ کورال کے علاقے میں اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل چھین لئے گئے جبکہ تھانہ انڈسٹریل ایریا‘ تھانہ شالیمار‘ تھانہ کوہسار اور تھانہ سیکرٹریٹ کے علاقوں میں موبائل فونز اور نقدی چھین لی گئی۔ موٹر سائیکل چوری کے واقعات تھانہ کراچی کمپنی‘ تھانہ انڈسٹریل ایریا‘ تھانہ سنبل اور تھانہ سبزی منڈی کے علاقوں میں ہوئے۔ تھانہ مارگلہ‘ تھانہ رمنا اور تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں 3گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور کل جمع پونجی لے کر چلتے بنے۔ ادہر راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے 3لڑکیوں کو اغواء کر لیا گیا۔ تھانہ ٹیکسلا کو نذیر اللہ نے بتایا میری چھوٹی بہن (گ) 19سالہ گھر سے غائب ہو گئی۔ دانش اکرم بار بار رشتہ مانگ رہا تھا‘ ہمیں یقین ہے دانش اکرم‘ عامر اکرم‘ مبشر اکرم‘ اولیا اکرم اور محمد اکرم نے اسے اغواء کر لیا ہے۔ تھانہ ٹیکسلا کو عصمت اللہ نے بتایا کہ میری بہو (م) بی بی نے کمرے کو باہر سے بند کر دیا اور چلی گئی۔ شور کرنے پر کرایہ داروں نے آ کر کھولا۔ دیکھا تو بہو گھر پر موجود نہ تھی اور جاتے وقت 3تولے زیور اور 10ہزار روپے بھی لے گئی۔ تھانہ گوجر خان کو تیمور الحسن نے بتایا کہ میری بیوی کو کسی نامعلوم شخص نے اغواء کر لیا۔ راولپنڈی میں چالان کرنے پر ٹریفک عملے سے مزاحمت کرنے اور گالیاں دینے والے موٹر سائیکل سوار کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ ریس کورس کو سینئر ٹریفک وارڈن محمد قاسم نے بتایا کہ ساجد علی بغیر کاغذات اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلا رہا تھا۔ چالان کرنے پر بدتمیزی کرنے لگا اور بیوی کے ہمراہ گالیاں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
اسلام آباد سے مزید