کراچی (اسد ابن حسن) گجرات سے انتہائی مطلوب اور ریڈ بک میں شامل انسانی اسمگلر محمد سلیمان کے گرفتاری کے بعد چشم کشا انکشافات۔ مزید 2 انسانی اسمگلرز گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق ملزم سلیمان کے خلاف گزشتہ برس ایک کشتی ڈوبنے کے سانحے کے بعد 7 مقدمات درج کیے گئے مگر ایف آئی اے اس کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی اور وہ اپنے اس مکروہ دھندے میں مصروف رہا۔ حالیہ کشتی حادثے کے بعد اس کی شدت سے تلاش شروع کر دی گئی اور آخر کار گجرات کمپوزٹ سرکل کے ایس ایچ او سب انسپیکٹر بدر بشیر اس کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ ملزم نے دوران تفتیش ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ اس نے گزشتہ برس 7 افراد کو یونان بھیجنے کے لیے فی کس 24 لاکھ روپے وصول کیے جس میں سے 3 لاکھ فی کس اس نے ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ کو ادا کئے۔ ان بدقسمت پاکستانیوں کو اس نے پہلے دبئی، مصر اور پھر لیبیا بھجوایا جہاں ان کو ایک سیف ہاؤس میں رکھا گیا اور اس کے بعد ان کو ایک کشتی میں سوار کر کے اٹلی بھجوا دیا گیا۔ جب وہ لوگ اٹلی سے یونان جا رہے تھے تو ان کی کشتی ڈوب گئی اور سب ہلاک ہو گئے۔