معروف پاکستانی صحافی اور تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے سابقہ اداکارہ سما راج سے دوسری شادی کرنے کی وجہ بتا دی۔
ارشاد بھٹی پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد سابقہ اداکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر سما راج کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔
اس نوبیاہتا جوڑے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور صارفین کی جانب سے جوڑی کو شادی کی مبارکبادیں بھی دی جا رہی ہیں۔
ارشاد بھٹی نے دوسری شادی کے بعد ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اس ویڈیو کے آغاز میں اپنی مرحوم اہلیہ سے محبت کا اظہار کیا اور اگلے جہاں میں ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
ارشاد بھٹی نے اپنی پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد زندگی میں آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب میری اہلیہ کا انتقال ہوا تو میرا گھر بہت بری طرح متاثر ہوا اور میں نہیں چاہتا تھا کہ میرے بچوں کو اپنی والدہ کے انتقال کے بعد وہ سب کچھ دیکھنا پڑے جو مجھے اپنے بچپن میں والدہ کے دنیا سے رخصت ہونے پر دیکھنا پڑا۔
اُنہوں نے بتایا کہ سما راج نے ایک اچھے دوست کی حیثیت سے ان مشکل حالات میں میرا اور میرے بچوں کا بہت ساتھ دیا اگرچہ میں نے پہلے کبھی سما راج کے ساتھ شادی کرنے کا نہیں سوچا تھا لیکن ان کی میرے بچوں سے اچھی دوستی ہوگئی تو پھر ہم نے نکاح کر لیا۔
ارشاد بھٹی نے دوسری اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میری پہلی اہلیہ کی طرح سما راج بھی مضبوط مذہبی اقدار کے ساتھ ایک ناقابلِ یقین خاتون ہیں۔