اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) سنی علماء کونسل کے زیرِ اہتمام 22 جمادی الثانی یوم وصال سیدنا ابوبکر صدیق کی مناسبت سے اتوار کو جامع مسجد عبداللّٰہ بن مسعود کراچی کمپنی سے چھوٹے بچوں و بچیوں نے اطفال مارچ بعنوان مدح صحابہ مطالباتی جلوس نکالا، جلوس میں شریک بچوں نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے اور سیدنا ابوبکر صدیق کے فضائل و مناقب پر مبنی بیانات اور نظمیں پیش کر رہے تھے، جلوس میں شامل بچوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ 22 جمادی الثانی خلیفہ بلا فصل سسر پیغمبر حضرت سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات پر پورے ملک میں عام تعطیل کر کے اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔ سنی علماء کونسل اسلام آباد کے رہنماؤں نے مختصر بیان میں کہا کہ حضرت سیّدنا ابوبکر صدیق کی حیات طیبہ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے ، آپ کی سیرت مبارکہ پر عمل پیرا ہونا کامیابی کا ذریعہ ہے۔