• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

نظام تعلیم میں انقلابی اقدام، خان اکیڈمی کے AI لرننگ ٹولز ’خان میگو‘ کی رونمائی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) مفت آن لائن لرننگ کے حوالے سے خان اکیڈمی نے پاکستان میں نظامِ تعلیم کی تبدیلی کے حوالے سے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے خان اکیڈمی پاکستان (کیپ ) کے قیام کا اعلان کردیا۔ 

اس اقدام کا مقصد اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لاکھوں اساتذہ اور پاکستانی طلباء کو اعلیٰ معیار کی، قابل رسائی اور ذاتی تعلیم کی فراہمی ہے۔ 

اس حوالے سے کراچی کے مقامی ہوٹل میں بدھ کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں ماہرین تعلیم، پالیسی سازوں اور کارپوریٹ رہنماؤں نے خان اکیڈمی کے اے آئی لرننگ ٹو لز ’خان میگو‘ کی رونمائی کی۔ 

تقریب کے دوران خان اکیڈمی کے بانی سلمان خان نے بذریعہ ویڈیو پیغام کہا ہے کہ تعلیم ترقی کی بنیاد ہے اور ہمارا مشن ہمیشہ، ہر جگہ اور ہر ایک کے لیے عالمی معیار کی تعلیم کو قابل رسائی بنانا رہا ہے۔ کیپ کے ساتھ ہم یہاں طلبہ اور اساتذہ کو درپیش انوکھے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اے آئی کی طاقت لا رہے ہیں۔ 

چیئرپرسن عثمان راشد کا کہنا ہے کہ کیپ ایک اقدام سے بڑھ کر ہے۔ یہ ہمارے بچوں اور ہمارے مستقبل کے لیے ایک عہد ہے۔ کیپ کے سی ای او ذیشان حسن خان کے مطابق کیپ کا آغاز مساوی تعلیم کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ ہمارا مشن ملک بھر میں طلباء اور اساتذہ کو جدید سہولتوں کی فراہمی کیساتھ بااختیار بنانا ہے جو سیکھنے اور ترقی کی ترغیب دیتے ہیں۔ 

ابتدائی پائلٹ پروگرام کے تحت کیپ ’خان میگو ‘ کو تدریسی معاون کے طور پر استعمال کرکے اساتذہ کی مدد پر توجہ مرکوز کرے گا۔ کیپ نے جن سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کی ہے ان میں اخوت، کئیر فاؤنڈیشن، ٹی سی ایف، فاؤنڈیشن پبلک اسکول، ایجوکیشن ٹرسٹ ناصرہ اسکول، آغا خان یونیورسٹی، انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈویلپمنٹ، سی ایف سی اور دربین شامل ہیں۔ 

کیپ کی جانب سے2025میں اسٹوڈنٹ پائلٹ کے دوسرے راؤنڈ میں دیگر معروف نجی اسکول نیٹ ورکس کیساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کے بورڈ میں معروف ماہرین تعلیم، ٹیکنالوجی انٹرپرینیورز اور کاروباری رہنما شامل ہیں جو اجتماعی طور پر عوام کے لیے تعلیم کو بہتر بنا کر پاکستان کے مستقبل کی راہوں کو بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ 

اس کے بورڈ ممبران میں عثمان رشید، نعیم زمیندار، امین ہاشوانی، میر ابراہیم رحمٰن، ریحان جلیل، مبارک امام اور بلال مشرف شامل ہیں۔ کیپ کو دنیا بھر سے معاون پاکستانیوں کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے۔ خان اکیڈمی ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو ہر ایک کو عالمی معیار کی مفت تعلیم فراہم کرتی ہے۔ متعدد زبانوں میں وسائل کیساتھ خان اکیڈمی ہر سال دنیا بھر کے100ملین سے زائد صارفین تک رسائی حاصل کرتی ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید