کراچی (نیوز ڈیسک)انارکلی ہائوسنگ سوسائٹی میں مکین گذشتہ ایک سال سے پانی کی بندش کا شکار، غیرقانونی پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فروخت کا انکشاف ۔ تفصیلات کے مطابق عزیز آباد بلاک نمبر 2انارکلی ہائوسنگ سوسائٹی اور اس کے اطراف میں خود ساختہ میٹر کے ذریعے غیر قانونی طور پر ڈیڑھ سے 2روپے لیٹرمیں پانی فروخت کیا جارہا ہے، جس کا باقاعدہ میٹر کے ذریعے ماہانہ بل وصول کیا جاتا ہے۔ پانی کے ایک صارف نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ غیرقانونی ’واٹر سسٹم ‘واٹر بورڈ کی ملی بھگت کے بغیر چل ہی نہیں سکتا اور یہ ٹینکر مافیا سے بھی آگے کی چیز ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں کئی فلور ملز، گتے اور تولیہ وغیرہ کے بڑے بڑے کارخانے ہیں اور لائن کاصاف پانی ان کا لازمی جزو ہیں۔