کراچی(این این آئی)کراچی میں موت باٹنے والی تیز رفتار ٹرالر نے ایک اور نوجوان کو معذور کردیا۔تفصیلات کے مطابق روشنیوں کا شہر حادثات کا شہر بن گیا ہے، کراچی میں حادثات کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، دوسری طرف سال2024خونی سال بھی ثابت ہوا ہے۔کراچی میں حادثات کے گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، رواں سال اب تک9ہزار کے قریب ٹریفک حادثات ہوئے جن میں 7سو 71شہری جاں بحق ہوئے، جبکہ8ہزار 174افراد زخمی ہوئے۔ تاہم جمعرات کو سہراب گوٹھ کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں18سال کا نوجوان معذور ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ نیو کراچی کا رہائشی عبید گزشتہ رات سبزی کا اسٹال بند کرکے گھر جارہا تھا۔پولیس کے مطابق تیز رفتار ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے نوجوان کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور حبیب اللہ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ڈرائیور نے پولیس کو دیے گئے بیان میں انکشاف کیا کہ اس کا ڈرائیوئنگ لائسنس جعلی ہے جو کہ1500روپے میں لیاری سے2سال پہلے بنوایا تھا۔ڈرائیور حبیب اللہ نے انکشاف کیا کہ لگاڑی چلاتے ہوئے اکثر ٹریفک پولیس روکتی ہے، جعلی لائسنس دکھا کر خرچہ دیتا ہوں تو پولیس والے چھوڑ دیتے ہیں، لرننگ لائسنس 2019میں بنا 2020 میں ایکسپائر ہوگیا تھا۔