• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولڈ گولیمار میں بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اولڈ گولیمار ضلع کیماڑی کا پرانا اور گنجان آباد علاقہ ہے، اس علاقے میں پانی و سیوریج سمیت دیگر بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، اولڈ گولیمار میں موجود 50 ہزار گیلن گنجائش کے آر او پلانٹ کو تین لاکھ گیلن تک بڑھایا جا ئے گا ،جس سے علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا، شہید بے نظیر بھٹو فٹ بال گراؤنڈ اور شہید بینظیر بھٹو پارک کوبھی جلد از جلد بحال کر کے جدید سہولتوں سے آراستہ کریں گے، پارک میں بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی اور بچوں کے کھیلنے کے لیے جھولے لگائے جائیں گے، شہریوں کو کھیل و تفریح کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اولڈ گولیمار کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کہی، ا س موقع پر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، افسران اور پیپلز پارٹی کے کارکن بھی موجود تھے، قبل ازیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہید شاہ نواز چوک گولیمار پر پارٹی کارکنوں کے ساتھ چائے پی اور علاقے کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا، انہوں نے اولڈ گولیمار میں واقع آراو پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آر او پلانٹ میں توسیع کیلئے انتظامات شروع کر دئیے جائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے منشور کے مطابق شہریوں کی خدمت کے نصب العین پر کار بند ہے اورفراہمی آب اس کا اہم حصہ ہے، کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید