کراچی(این این آئی)رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں سال 2022اور 2023کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سول ایوی ایشن ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق رواں سال پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد میں گزشتہ دو سالوں کی نسبت کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اے سی سی ذرائع کے مطابق رواں سال 2024کے ابتدائی چند ماہ میں فضائی حدود میں پروازوں کی تعداد میں اضافہ رہا تاہم اختتامی ماہ میں اس میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔ اس کی وجہ مشرق وسطی میں جنگی صورتحال ہے جس کے باعث رواں سال کا آخر اچھا نہیں رہا۔ذرائع نے بتایا کہ مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث متعدد ایئر لائنز نے ایران کی فضائی حدود کو ترک کر دیا اور ایران سے گزر کر پاکستان آنے والی پروازوں کا رخ تبدیل ہونے کی وجہ سے پاکستان کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔اس سے قبل 2022میں پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازوں کی تعداد ایک لاکھ تین ہزار رہی رہی تھی جو 2023میں 25فیصد اضافے کے بعد ایک لاکھ 27 ہزار تک جا پہنچی تھی۔