لندن(زاہد انور مرزا)لندن کے قریبی ٹاؤن ملٹن کینز میں کرسمس کے دن چاقو زنی کے واقعے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ دو دیگر افراد شدید زخمی ہو گئے۔49سالہ شخص کو قتل اور اقدام قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرسمس کے دن ملٹن کینز کے علاقے بلیچلے میں چاقو زنی کے ایک مشتبہ واقعے میں دو خواتین جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک مرد اور ایک نوعمر لڑکا شدید زخمی ہو گئے۔گزشتہ شب اپارٹمنٹس کے ایک بلاک میں چاقو زنی کی اطلاع پر پولیس نے قتل کی تحقیقات کا آغاز کیا۔ 38 سالہ اور 24 سالہ خواتین موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایک نوعمر لڑکے اور تقریباً 20 سال کی عمر کے ایک نوجوان لڑکے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اب مستحکم حالت میں ہیں جبکہ واقعے میں ایک کتا بھی زخمی ہوا تھا اور اسے ویٹرنری ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا، لیکن وہ بچ نہ سکا۔49 سالہ ایک شخص، جو ملٹن کینز کا رہائشی ہے، کو قتل اور اقدام قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہ پولیس کی حراست میں ہے۔پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔