پشاور ( وقائع نگار)متحدہ سواتی قوم ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی صدر ملک مفتی موحداللہ کی قیادت میں اجلاس ہوا جس میں مشران نے شرکت کی۔ شاہی سے وفد کی قیادت عمران اللہ خاکسار ،ثمرباغ سے حمید سواتی اور علی شیر کے وفد کی قیادت عبدالولی خان سواتی نے کی ۔اجلاس کا مقصد سواتی قوم کی یکجہتی کو فروغ دینا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیل سے غور و فکر کرنا تھا اجلاس سے متحدہ سواتی قوم ایسوسی ایشن پاکستان کے مرکزی صدر ملک مفتی موحداللہ سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سواتی قوم کی یکجہتی کے بغیر اس کی ترقی کا خواب ممکن نہیں،اجلاس میں طے پانے والے لائحہ عمل کے ذریعے سواتی قوم کو ایک مضبوط اور متحد قوم کی شکل میں اُبھرنے کا موقع ملے گا، اگر قوم کے تمام افراد اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک مشترکہ مقصد کے لیے کام کریں، تو سواتی قوم کی ترقی میں رکاوٹیں خود بخود دور ہو جائیں گی