پشاور (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس فورس نارتھ ونگ خیبر پختونخوا عماد الدین نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں منشیات کے خاتمے کے لئے مخصوص قوانین منظور کئے گئے ہیں، والدین اور اساتذہ نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے وقت دیں اور انہیں زندگی کے حقیقی چیلنجز کے لیے تیار کریں، انہوں نے تعلیمی اداروں میں منشیات سمگلنگ کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی نشاندہی کی اور بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کئی اسمگلروں کو گرفتار کر چکے ہیں۔وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں ʼʼمنشیات سے آگاہی اور ذہنی دباؤ پر قابو پاناʼʼ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار میں رجسٹرار ڈاکٹر خضر اعظم خان ، سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔ انسپکٹر اے این ایف فراز وصی نے نوجوانوں پر منشیات کے تباہ کن اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے نشاندہی کی کہ منشیات سے ہونے والی اموات کی شرح دہشت گردی سے ہونے والی اموات سے زیادہ ہو چکی ہیں ،نوجوانوں میں آئس کا بڑھتا ہوارجحان ہے، اے این ایف نہ صرف اسمگلروں کو پکڑنے میں مصروف ہے بلکہ بحالی کے عمل پر بھی توجہ دے رہی ہے، اے این ایف کی ہیلپ لائن 1415 پر منشیات کے مسائل بارے فوری مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔ چیئرمین نوے جوند ریہیبیلیٹیشن سنٹر ڈاکٹر ریاض احمد حیران نے منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ بغیر کسی حکومتی یا مالی معاونت کے سوات میں یہ کام جاری رکھا اب تک 2000 منشیات کے عادی افراد کا علاج کیاگیا ہے۔سیمینارمیں ماہرین نفسیات حرا حسین اور حنا زبیر نے منشیات کے نفسیاتی اثرات اور دماغی صحت پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈین میکینکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر رضوان گل اور ڈین الیکٹریکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر وقار شاہ نے سیمینار سے خطاب کیا۔