• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتے ہیں حکومت حج انتظامات سے نکل جائے، سیکریٹری وزارت مذہبی امور

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا عطاء اللّٰہ الرحمٰن کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا۔

سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے کمیٹی اجلاس میں حج سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ چاہتے ہیں کہ حکومت حج انتظامات سے نکل جائے، ہو سکتا ہے کہ اگلے برس تمام حج پرائیویٹ آپریٹرز کے ذریعے ہو، پرائیویٹ حج آپریٹر عدالت سے کیسز واپس لیں، بصورتِ دیگر ان کا کوٹہ ختم کر دیا جائے گا۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزرات میں پہلے 904 کمپینوں کو پرائیویٹ حج کے حوالے سے رجسٹرڈ کیا گیا، سعودی عرب اتنی کمپنیوں پر پریشان ہوا جس کے بعد گزشتہ برس سعودی عرب کی ہدایت پر کمپنیوں کی تعداد 500 سے کم کر کے 162 کر دی گئی۔

ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے بتایا کہ اس سال سعودی عرب نے 2 ہزار حج کوٹہ فی کمپنی کر دیا جو 46 کمپنوں کو دیا گیا، سعودی عرب کی ہدایت پر پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت یہ حج کوٹہ 46 کمپینوں کو دیا گیا۔

مائندہ پرائیویٹ حج آپریٹرز نےاجلاس کے دوران بتایا کہ پرائیویٹ حج کے حوالے سے 80 شکایات جبکہ سرکاری حج اسکیم کی 18ہزار شکایات ملیں۔

سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور نے بتایا کہ سعودی حکام 904 کمپنیوں کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے اس لیے انہوں نے کمپنیوں کو کم کر کے 46 کرنے کا حکم دیا ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ حج آپریٹرز سندھ ہائی کورٹ بھی گئے، عدالت نے اجلاس کے منٹس مانگے جس سے پرائیویٹ حج کوٹہ متاثر ہو گا، اگر معاملہ تاخیر کا شکار ہوا تو سعودی حکام پرائیویٹ کوٹہ منسوخ بھی کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر ذوالفقار حیدر نے بتایا کہ 4، 6 اور 10، 10 کمپنیاں ضم کر کے کل 46 کمپنیوں کی ایس ای سی پی میں رجسٹریشن ہوئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید