بھارت کی ریاست تلنگانہ میں چور نے شراب کی دکان میں ڈکیتی کرنے کے بعد وہیں پر شراب پینا شروع کر دی جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چور چھت کے ذریعے دکان میں داخل ہوا اور اس نے سی سی ٹی وی کیمرے بھی بند کر کے اپنے پکڑے جانے کی تمام امیدیں اور تمام شواہد مٹا دیے۔
چور نے دکان میں موجود کیش اور سامان لوٹا تاہم اس کا شوق اسی کے گلے پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاید چور نئے سال سے کچھ دن پہلے اتنی بڑی واردات کرنے پر خوش تھا جس پر اس نے دکان میں ہی اپنی کامیاب ڈکیتی کا جشن منانا شروع کر دیا۔
چور ایک کے بعد ایک گلاس شراب پیتا گیا یہاں تک کہ وہ نشے میں چُور ہو کر گر پڑا اور پھر نہ اسے اٹھنا یاد رہا، نہ بھاگنا اور نہ ہی دکان سے واپسی نکلنا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واردات کے اگلے روز صبح دکان کے ملازمین نے دیکھا کہ چور دکان میں نشے کی حالت میں پڑا ہے اور اس کے ارد گرد شراب کی خالی بوتلیں موجود ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کو موقع پر بلائے جانے کے باوجود اسے ہوش نہ آیا اور چور سے اس کی شناخت اور دیگر تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پولیس کو موقع پر کچھ گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔