امریکا میں مقیم بھارتی نژاد کم عمر بچے ادوے جین نے محض 3 سال کی عمر میں کتاب شائع کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے مون ماؤتھ جنکشن میں 23 اپریل 2022ء کو پیدا ہونے والے ادوے جین کی کتاب کا نام ’ڈینو لرنز ناٹ ٹو ویسٹ فوڈ‘ ہے، اس کتاب میں کھانے کی قدر کرنے اور اسے ضائع کرنے سے گریز کرنے کا پیغام دیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ 3 سالہ بچہ مردوں کے زمرے میں کتاب شائع کرنے والا دنیا کا کم عمر ترین شخص بن گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ادوے جین کو کتاب لکھنے کا خیال اپنے اسکول میں کھانے کے وقفے کے دوران پیش آنے والے تجربات سے ملا۔ اس نے روزمرہ زندگی کے ایک عام تجربے کو بچوں کے لیے سبق آموز کہانی میں تبدیل کر دیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 3 سالہ بچے کے اس ریکارڈ کی 3 اپریل 2026ء کو نیو جرسی میں تصدیق کی گئی ہے۔