اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب کو ریکوڈک کان کے شیئرز فروخت کرنے کے حوالے سے معاملات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اس سلسلے میں جلد معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ خبریں درست نہیں کہ وفاقی کابینہ نے ریکوڈک کے 15 فیصد شیئرز کی فروخت کی منظوری دیدی ہے۔ قیمت کے تعین کیلئے مقرر مذاکراتی کمیٹی اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، اور پہلے مرحلے میں کمیٹی نے اس معاہدے کے تمام قانونی، مالیاتی، تجارتی پہلوؤں کا جائزہ لیا ہے اور ہر طرح سے شیئرز کی ایوالیوشن کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم نان ڈسکلوژر فیز میں داخل ہو چکے ہیں، تاہم معاہدے کی ساخت کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔ تاہم، این ڈی اے تحت دونوں فریقین خاموشی کے مرحلے پر عمل کریں گے۔