• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علی حسن ساجد کو پی ایچ ڈی کی سند تفویض

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی نے معروف ادیب،کمپیئر اور نیوز کاسٹر علی حسن ساجد کو پی ایچ ڈی کی سند تفویض کردی، انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین سابق ڈین سوشل سائنسز جامعہ کراچی کے زیر نگرانی کراچی میں بلدیاتی نظام، ارتقاء اور اخبارات کا کردار کے موضوع پر پی ایچ ڈی مکمل کی ہے،کراچی کے بلدیاتی نظام اور اس کے ارتقاء پر جامعہ کراچی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے یہ پہلے اسکالر ہیں، اس سے قبل اس موضوع پر کسی بھی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی نہیں کی گئی، علی حسن ساجد جامعہ کراچی سے ایم فل اور ایم اے صحافت کرچکے ہیں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میڈیا مینجمنٹ کے سینئر ڈائریکٹر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، آپ کئی کتابوں کے مصنف ہیں جن میں کراچی کی تاریخی عمارات، کراچی میں بلدیاتی انتخابات 1933 تا 2023، ٹاؤن انتظامیہ و ٹاؤن کونسل کے فرائض، یونین انتظامیہ و یونین کونسل کے فرائض، سی بی سی،بڑھتے چلو اور بچوں کے لئے ایک درجن سے زائد کتابیں شامل ہیں، علی حسن ساجد نے اپنے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کراچی کی تاریخ، تہذیب و ثقافت اور بلدیاتی نظام کے حوالے سے اخبارات و رسائل کے لئے سینکڑوں مضامین تحریر کئے، انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ادب، تحقیق و تحریر اور براڈ کاسٹنگ کو اپنی ترجیحات میں ہمیشہ شامل رکھا، ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے سامعین و ناظرین کے لئے بھی ان کا نام نیا نہیں ہے، 1989 ء سے سرکاری ٹی وی سے بحیثیت نیوز کاسٹر منسلک ہیں جبکہ ریڈیو کراچی میں ان کا شمار مقبول ترین کمپیئر میں ہوتا ہے، انہوں نے ریڈیو سے لاتعداد پروگرام پیش کئے، علی حسن ساجد کی خدمات کے حوالے سے مختلف اداروں کی جانب سے متعدد ایوارڈز اور انعامات بھی مل چکے ہیں، ان کا شمار پاکستان کے ان شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے ادب اور براڈ کاسٹنگ کو ذریعہ اظہار بنایا اور مستقل مزاجی سے اس میدان میں سرگرم عمل رہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی نے انہیں کراچی میں بلدیاتی نظام کے موضوع پر پی ایچ ڈی کرنے پر مبارکباد دی ہے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملک بھر سے سے مزید