کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ تقریب پاک بحریہ کے بحری جہازوں، آبدوزوں اور ہوائی جہازوں کے لیے پیشہ ورانہ طور پر کامیاب اور اہم آپریشنل سال کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔ ڈاکیارڈ آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں سال2024کے تفویض کردہ آپریشنل مقاصد اور اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کی۔ ایڈمرل نوید اشرف نے میری ٹائم سیکیورٹی اور پاکستان کی سی لائنز آف کمیونیکیشن کے تحفظ کیلئے پاکستان نیوی فلیٹ کی خدمات کو سراہا۔