لاہور،گوجرانوالہ (نیوزرپورٹر،نمائندہ جنگ) یونان کشتی حادثے میں ڈوب کر جاں بحق ہونے والے مزید 4پاکستانیوں کی نعشیں مل گئیں ہیں جبکہ 40تاحال لاپتہ ہیں، 3اہلکاروں کیخلاف گوجرانوالہ میں مقدمہ درج، لیبیا کشتی حادثے میں انتہائیمطلوب انسانی اسمگلر سمیت 4ملزمان گرفتار ، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی پاکستانیوں کی نعشوں کی تعداد 9ہو گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ3نعشوں کی شناخت نارووال کے شبیر، زین علی اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 1نعش کی شناخت سیالکوٹ کے اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق نعشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جس کے بعد پاکستانی سفارت خانہ نعشوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے۔